سکھر بورڈ:ناقص کارکردگی پر 3 امتحانی ٹیمیں فارغ، افسران بھی ہٹادیئے
مس کنڈکٹ، نقل اور جعلسازی کے کیسز پرناظم امتحانات رضوان میمن کاسخت ایکشناب تک 739نقل کے کیسز پکڑے گئے ، 687موبائل فون پرپرچہ حل کررہے تھے
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر بورڈ نے ناقص کارکردگی پر 3امتحانی ٹیمیں فارغ کردیں، بورڈ کے زیر انتظام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں، امتحانی مراکز پر بورڈ کی ٹیموں کے چھاپے بھی جاری ہیں، بورڈ نے اپنی ٹیموں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ،تین ٹیموں کو ناقص کارکردگی پرہٹادیا، اب تک 739 نقل کے کیسز پکڑے جاچکے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سکھر بورڈ کے زیر انتظام سکھر خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں تینوں اضلاع میں بورڈ کی جانب سے 234 امتحانی مراکز قائم ہیں جہاں پر ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد طلبا نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات دے رہے ہیں، امتحانی مراکز میں آج نویں جماعت کے طلبا سے انگریزی کا پرچہ لیا گیا، سکھر بورڈ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے تشکیل دی گئی ٹیموں کی جانب سے امتحانی مراکز کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے ، اس حوالے سے سکھر بورڈ کے ناظم امتحانات رضوان میمن نے رابطے پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اکتیس مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات کے دوران اب تک بورڈ کی ٹیموں کے چھاپوں کے دوران 739 امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں جن میں سے 687 طلبا کو امتحان کے دوران موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے ، جبکہ جعلسازی کے انتیس کیسز بھی پکڑے گئے ہیں۔