میرپور خاص:بینظیر انکم سپورٹ کی رقم سے کٹوتی کی شکایات
ڈیوائس ہولڈرز 3سے ساڑھے 3ہزار روپے تک کٹوتی کررہے ہیں، متاثرینکم رقم دیکر زبردستی انگوٹھے لگوائے جاتے ہیں، پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقوم میں مبینہ کٹوتی جاری ہے ، اس حوالے سے چند متاثرہ خواتین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا، متاثرین کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً چونا فیکٹری، سیٹلائٹ ٹاؤن، کھپرو ناکہ روڈ، اسٹیشن چوک روڈ اور دیگر مقامات پر قائم ادائیگی مراکز میں ڈیوائس ہولڈرز اور ان کے ایجنٹس کی جانب 3000 سے 3500 روپے تک کی غیر قانونی کٹوتی کی اطلاعات ہیں۔ متاثرہ خواتین نے بتایا کہ انہیں مکمل رقم ادا نہیں کی جاتی بلکہ کم رقم دیکر زبردستی انگوٹھے لگوا لئے جاتے ہیں۔ خواتین کے مطابق اگر کوئی کٹوتی پر اعتراض کرے تو اسے اگلی قسط بند کرنے یا رقم روکنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ایک خاتون نے بتایا ہم غریب لوگ ہیں یہ پیسے ہمارے بچوں کے علاج اور گھر کے خرچ کے لیے ہوتے ہیں مگر ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جا رہا، اگر ہم کٹوتی نہ کرنے دیں تو ہمیں کمپیوٹر میں فنی خرابی کا کہہ کر سارا دن کھڑا رکھ کر شام کو خالی ہاتھ لوٹا دیتے ہیں اور جو کٹوتی کرنے دے ، اسکو فوری پیسے نکال کر دے دیتے ہیں ۔ متاثرین نے الزام عائد کیا کہ یہ عمل کسی ایک مرکز تک محدود نہیں بلکہ پورے ضلع میں جاری ہے جس سے مضبوط نیٹ ورک کے موجود ہونے کا شبہ ہے ۔ خواتین کے مطابق وقتاً فوقتاً انتظامیہ کی جانب سے چھاپے مارے جاتے ہیں تاہم کارروائی کے باوجود اگلے ہی دن دوبارہ یہی سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔