کوٹری:بھولاری میں شدید قلت آب، 24اپریل سے تحریک کااعلان
مکین ٹینکر مافیا کے رحم پر، 20برس سے بنیادی سہولت نایاب، پاکستان نوجوان تحریکقلت آب دورنہ ہوئی توخدا کی بستی سے تحریک شروع کرینگے ، رہنماؤں کی پریس کانفرنس
کوٹری(نامہ نگار)میونسپل کمیٹی بھولاری کے مختلف علاقوں میں قلت آب اور ٹینکر مافیا کے خلاف 24اپریل سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان نوجوان تحریک نے میونسپل کمیٹی بھولاری اور ضلعی انتظامیہ سے فوری قلت آب دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مختلف علاقوں میں قلت آب اور ٹینکر مافیا کی جانب سے کے بی فیڈر نہر سے پانی چوری کرنے کے خلاف پاکستان نوجوان تحریک کے رہنما عبدالستار، شہباز میمن اور اسد خان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جامشورو ایٹ کوٹری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوٹری سائٹ میونسپل کمیٹی بھولاری کے رہائشی گزشتہ 20 برس سے زندگی کی بنیادی سہولت صاف پانی سے محروم ہیں اور ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ 24 تاریخ کو احتجاجی تحریک کا آغاز خدا کی بستی سے کیا جائے گا، جس کے بعد ببر اسٹاپ اور ابڑا چوک سے ہوتے ہوئے آخر میں ڈی سی آفس کے سامنے کیمپ لگا کر دھرنا دیا جائے گا، جو پانی کی فراہمی تک جاری رہے گا۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندے اس سنگین مسئلے کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں جس سے علاقہ کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر فوری طور پر پانی کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا، جس میں دھرنے ، ریلیاں اور علامتی بھوک ہڑتال شامل ہوں گی۔