مہاجروں کو وسائل واقتدار میں برابر حصہ دیا جائے ، آفاق احمد
فیصلے کرنے والی قوم دوسروں کی غلامی میں جی رہی ،چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ تعلیمی بورڈز میں بندر بانٹ ، بچوں کے مستقبل داؤ پر،قوم متحد ہوجائے ،خطاب
کراچی(این این آئی)چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان)آفاق احمد نے کہا ہے کہ مہاجر ایک قوم ہے ، جس طرح اس ملک پر سندھی پنجابی بلوچی یا پختون کا حق ہے اسی طرح اس ملک کے وسائل پر میری قوم کا بھی حق ہے ، جب تک مہاجروں کو اقتدار میں دیگر قوموں کی طرح حصہ نہیں دیا جائے گا اسوقت تک یہ شہر اور ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ بندھانی کالونی میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل تک کے ایم سی،کے ڈی اے میں ملازمتیں تھیں، اس شہر کے فیصلے میری قوم کرتی تھی لیکن آج ہماری نسل دوسروں کی غلامی میں جی رہی ہے ،آج ایک اسسٹنٹ کمشنرنوٹس چپکاکر چلا جائے تو ہم مارکیٹ نہیں کھول سکتے ، ہم اپنے بچوں کو غیروں کی غلامی خاموشی سے پروان چڑھا رہے ہیں۔
یہ ہمارا اپنے بچوں پر وہ ظلم ہے جسے ہماری آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ساڑھے چار لاکھ بچوں کے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے ، اسکول اوراساتذہ بکے ہوئے ہیں، امتحان سے چھ دن پہلے لاڑکانہ سے لاکر میٹرک بورڈ کا چیئرمین بٹھا دیا گیا کیونکہ یہ کمانے کا سیزن ہے ، امتحانات میں مال بٹورنا ہے لیکن آپ آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں، میں پوچھتا ہوں اپنے بچوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر مہاجروں کا خون کیوں نہیں کھولتا ۔ آفاق احمد نے کہا کہ مجھے اس بات سے سروکار نہیں کہ آپ الیکشن میں کس کو ووٹ ڈالتے ہیں، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ مہاجر قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے ۔ آخر میں انہوں نے مہاجر قوم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ خدارا خود کو مہاجر تحریک سے جوڑیں اور ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں اسی میں مہاجر قوم کی بقا اور آپکے بچوں کا مستقبل پوشیدہ ہے۔