حب ڈیم سے کوٹے میں اضافے کیلئے اہم پیشرفت
وفاقی سطح پرمعاملہ اٹھانے کے لیے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال 200 ایم جی ڈی پانی کی ترسیل کے لیے بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی تیار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرِ کراچی کو حب ڈیم سے پانی کے کوٹے میں اضافے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے معاملے کو آگے بڑھاتے ہوئے پانی کے کوٹے میں اضافے کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی ہے تاکہ اسے وفاقی سطح پر اٹھایا جا سکے ۔ ترجمان کے مطابق یہ اقدام کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی جانب سے ارسال کردہ خط کی روشنی میں اٹھایا گیا، جس میں کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور پانی کی شدید قلت کے پیش نظر حب ڈیم سے پانی کے کوٹے میں اضافے کی درخواست کی گئی تھی۔
خط میں تجویز دی گئی ہے کہ موجودہ 100 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈی) پانی کو بڑھا کر 200 ایم جی ڈی کیا جائے ۔ واضح رہے کہ کراچی کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی کا کوٹہ 1981 سے اب تک 100 ایم جی ڈی پر برقرار ہے ، جبکہ اس عرصے کے دوران شہر کی آبادی اور پانی کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے ، جس کے باعث پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے 200 ایم جی ڈی پانی کی ترسیل کے لیے بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی تیار کر لیا ہے ۔ نیو حب کینال کی تکمیل کے بعد کراچی کو 200 ایم جی ڈی پانی فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت دستیاب ہو چکی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے کوٹے میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔