موچکو سے ملنے والی سوختہ لاش کا معمہ حل ہوگیا
فیضان عرف فیضی کے قتل میں سسر اور سالا شامل ،آلہ قتل بھی برآمد ملزمان نے بہانے سے بلا کر بیلچے کے وار سے قتل کیا اورلاش کو جلا دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیماڑی موچکو کے علاقے سے ملنے والی سوختہ لاش کا معمہ پولیس نے پولیس نے حل کر لیا۔ انوسٹی گیشن کیماڑی پولیس کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ قتل میں مقتول کے سسرالی رشتہ دار ہی ملوث تھے ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ موچکو کے علاقے سے ملنے والی جلی ہوئی لاش کی شناخت فیضان عرف فیضی کے نام سے ہوئی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ موچکو میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے جدید تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے کیس کو ٹریس کیا اور دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں مقتول کا سسر اکرم اور سالا عطائاللہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ دورانِ تفتیش اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔تحقیقات کے مطابق مقتول نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد گھریلو تنازعات نے شدت اختیار کرلی۔ ملزمان نے بیان دیا کہ مقتول کی جانب سے اپنی بیوی کے ساتھ مبینہ رویے اور بعد ازاں دوسری بیٹی سے رابطے پر انہیں شدید رنج تھا۔ اسی بنیاد پر ملزمان نے مقتول کو بہانے سے بلا کر بیلچے کے وار سے قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو پٹرول چھڑک کر جلا دیا تاکہ شناخت چھپائی جا سکے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔