پیپلز پارٹی کا مقصد صرف کرپشن ہے ،سیف الدین ایڈووکیٹ
کچرا اٹھانے کا بجٹ یونین کمیٹیز کو نہیں مل رہا، 18 سال کا حساب کون دے گا؟ گلشن حدید میں بنا بنایا نالہ توڑا گیا، پارک میں کروڑوں کا ٹھیکہ ، سب کرپشن کا دھندہ
کراچی(سٹی ڈیسک)قائد حزب اختلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا ایک ہی مقصد ہے کرپشن کرنا اور وہ اس پر گامزن ہے ۔ گلشن حدید میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ۔ مرتضی وہاب اور سندھ حکومت ہر دن نئی اسکیموں کا اعلان کرتے ہیں لیکن پچھلے 18سال کا حساب کون دے گا؟پیپلز پارٹی نے ہر شعبہ اپنے وزیروں میں بانٹ دیا تا کہ سب کو نوازا جائے ،صرف کچرا اٹھانے کا بجٹ کراچی میں فی یونین کمیٹی ایک کروڑ ہے لیکن وہ کسی بھی یوسی کو نہیں مل رہا، اگر یہ فنڈ ہی یوسی کو مل جائے تو یوسی کے بنیادی کام ہو جائیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گلشن حدید کبھی کراچی کا اسلام آباد کہلاتا تھا، یہاں بنا بنایا نالہ توڑا گیا اور ایک پارک میں کروڑوں کا ٹھیکہ دیا گیا ،یہ سب کرپشن کا دھندا ہے ، حب نہر 1981 سے کراچی کو پانی دے رہی تھی۔ 12 ارب 78 کروڑ سے نئی نہر تعمیر کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ 2025 میں بلاول بھٹو نے اس کا افتتاح کیا لیکن وہ ٹوٹ گئی، اب اس کو لوگ بیت الخلاء کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ٹیکسوں کا پیسہ ہے جو حکومت سندھ برباد کر رہی ہے ۔ پاکستان اسٹیل ملز کی 24 انچ کی لائن کے بجائے تین انچ کی لائن کا لولی پاپ دیا گیا۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی حق دو تحریک کو جاری رکھے گی، اس تحریک نے مرتضیٰ وہاب کو پریشان کر دیا ہے ۔ مرتضیٰ وہاب جو کرنا چاہیں وہ کر گزریں ہم کراچی کے حقوق کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔