نقل کرانے اور پیپر لیک کرنے میں ملوث گینگ گرفتار

نقل کرانے اور پیپر لیک کرنے میں ملوث گینگ گرفتار

میٹرک بورڈ امتحانات کے دوران تعلیمی نظام کو سبوتاژ کرنے والی نقل مافیا کے خلاف سی آئی اے کا بڑا آپریشن مرکزی ملزم مبین خان سائبر سکیورٹی فائنل ایئر کا طالب علم ،رقم کی وصولی کے لیے آن لائن بینکنگ چینلز کا استعمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میٹرک کے امتحانات میں نقل کرانے اور پیپر لیک کرنے میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری میٹرک بورڈ امتحانات کے دوران تعلیمی نظام کو سبوتاژ کرنے والی نقل مافیا کے خلاف سی آئی اے نے بڑا آپریشن کیا ہے ۔ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر نے بتایا کہ منظم نقل اور پیپر لیک کرنے کے دھندے میں ملوث 4 بڑے گینگ سرغنہ کو گرفتار کر کے شہر بھر میں پھیلا ہوا ایک وسیع نیٹ ورک بے نقاب کر دیا گیا ہے ۔ڈی آئی جی مقدس حیدر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹیموں نے ملیر، سرجانی، نیو کراچی اور گلشنِ اقبال سے کارروائیاں کرتے ہوئے گروہ کے مرکزی سرغنہ مبین خان ، اُسامہ ، بلال اور عبدالرزاق کو حراست میں لیا۔

تحقیقات میں یہ حیرت انگیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ مرکزی ملزم مبین خان سندھ مدرستہ الاسلام میں سائبر سکیورٹی فائنل ایئر کا طالب علم ہے ، اس نے اپنی تکنیکی مہارت کو غلط استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل نیٹ ورک بنا رکھا تھا۔مبین خان کے زیرِ اثر 13 واٹس ایپ گروپس تھے جن میں 13 ہزار سے زائد طلبہ ممبر تھے ، ملزمان امتحان سے ایک رات پہلے ’پیپر لیک‘ کرنے کی سو فیصد گارنٹی دیتے تھے اور طلبہ سے بھاری رقوم وصول کرتے تھے ۔ڈی آئی جی سی آئی اے نے بتایا کہ یہ مافیا اب تک طلبہ سے لاکھوں روپے بٹور چکا ہے ۔ رقم کی وصولی کے لیے پکڑے جانے کے خوف سے آن لائن بینکنگ چینلز کا استعمال کیا جاتا تھا۔انکشاف ہوا ہے کہ شہر میں نقل مافیا کے 8 سے 10 گروہ متحرک ہیں، جن میں مبین خان کا گروپ سب سے بڑا اور منظم تھا۔سی آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، مقدس حیدر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ نقل مافیا میں ملوث کسی بھی ملزم کو نہیں چھوڑا جائے گا اورشریک دیگر عناصر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں