چند گھنٹوں میں ایک کروڑ لوٹ لیے گئے

چند گھنٹوں میں ایک کروڑ لوٹ لیے گئے

نارتھ ناظم آباد بلاک این میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو نجی بینک سے 35 لاکھ روپے نکلوا کر جانے والے 2 افراد تمیم اور جنید کو یرغمال بنا کر رقم چھین کر فرار نیو سبزی منڈی کے مرکزی گیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ کے مالک سے 75 لاکھ روپے لوٹے ، مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی کر دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر میں ڈاکو راج کا سلسلہ بدستور جاری ہے ،چند گھنٹوں میں مسلح افراد نے تاجروں کو 1 کروڑ سے زائد نقدی سے محروم کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو نجی بینک سے 35 لاکھ روپے نکلوا کر جانے والے 2 افراد تمیم اور جنید کو یرغمال بنا کر چھین کر فرار ہوگئے ۔ واردات کی رپورٹ تیموریہ تھانے میں درج کرا دی گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد آئل ڈسٹری بیوٹر کا کام کرتے ہیں تاہم پولیس اس حوالے سے مزید چھان بین کر رہی ہے ۔سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے مرکزی گیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ کے مالک کو مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور 75 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت حاجی عبدالستار کے نام سے کی گئی جو کہ رقم بینک میں جمع کرانے کے لیے جا رہا تھا۔ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کو لوٹ مار اور کار کے ٹائروں پر فائرنگ کی، بعدازاں تینوں ڈاکو موقع سے ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

حالیہ واقعے کے بعد شہر میں رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی۔دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں ڈکیتی کی مختلف وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے تمام واقعات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام و سدباب کیلئے سخت اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے واقعات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دینے اور تمام زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔آئی جی سندھ نے شہر بھر میں پولیس گشت اور اسنیپ چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کر کے وہاں خصوصی نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سے بھرپور استفادہ کیا جائے ۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی اور پولیس رسپانس ٹائم کو بہتر بنایا جائے ، شہر میں امن و امان کی فضا کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں