تخریب اور پیپلزپارٹی لازم و ملزوم،منعم ظفر
جہاں پیپلزپارٹی کی حکمرانی وہاں تباہ کاری لازمی،احتجاجی کیمپ کادورہ ملیر سمیت پورا کراچی تباہی و بربادی کی تصویر بنا ہوا ہے ،میڈیا سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع ملیر سید مفخر علی کے ہمراہ داؤد چورنگی لانڈھی، ضلع ملیر میں بلدیاتی مسائل کے حوالے سے قائم احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تخریب اور پیپلزپارٹی لازم و ملزوم ہیں، جہاں پیپلزپارٹی کی حکمرانی ہوتی ہے وہاں تباہ کاری لازمی ہوتی ہے ۔قابض میئر مرتضیٰ وہاب کے ڈپٹی میئر کا تعلق بھی ضلع ملیر سے ہے ، مگر افسوس کہ ملیر سمیت پورا کراچی تباہی و بربادی کی تصویر بنا ہوا ہے ۔ ملیر ٹاؤن میں منشیات کے اڈے کھلے عام چل رہے ہیں اور یہ پولیس کی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔
کراچی کی تعمیر، انفرااسٹرکچر کی بحالی اور پانی کے منصوبوں کے لیے مختص 3360 ارب روپے پیپلزپارٹی ہڑپ کرچکی ہے ۔ کراچی ملک کی 54 فیصد ایکسپورٹ اور 67 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے ، مگر بدقسمتی سے شہر پر ایسے حکمران مسلط ہیں جو کراچی کے ساتھ دشمنی کررہے ہیں۔جماعت اسلامی نے ’’حق دو ملیرکو‘‘تحریک کا آغاز کردیا ہے ،کارکنان مسائل کے حل کے لیے کارنر میٹنگز کریں اور عوامی رابطہ مہم مزید تیز کریں،اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ڈی سی آفس اور تھانوں کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔ اہلِیان ملیر، خصوصاً نوجوان اور خواتین جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوں اور کراچی کو اس کا حقیقی مقام دلانے کی تحریک کا حصہ بنیں۔