گھوٹکی پولیس نے ڈاکو ماردیا، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار
ڈہرکی میں اختر موٹر سائیکل چھین کرفرار، گرفتاری پر ساتھیوں نے ماردیا، پولیسماتھیلو کے علاقے سے عبیداللہ گرفتار، 2ساتھی فرار، ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا
گھوٹکی (نمائندہ دنیا) پولیس نے دو مختلف پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، تھانہ ڈہرکی کی حدود میں داد لغاری کے علاقے سہریانی چوک سے اسکول جاتے ہوئے دو بچوں سے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے بعد پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا۔ ڈہرکی پولیس نے ناکہ بندی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، تاہم اس کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر کے اسے چھڑانے کی کوشش کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں گرفتار ملزم اختر ولد بیربل شیخ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے ۔ پولیس نے اسلحہ وچھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ دوسری جانب تھانہ جروار کی حدود لنک روڈ میرپور ماتھیلو نزد شمن فارم کے قریب پولیس کو اطلاع ملی کہ تین مسلح ملزمان واردات کی نیت سے موجود ہیں۔
پولیس کے موقع پر پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے مقابلے میں ایک ملزم عبیداللہ ولد محمد پنہل چاچڑ سکنہ کندھکوٹ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول برآمد کر کے اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مختلف سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے اور اس کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ دونوں واقعات کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری ہے۔