نرسنگ و مڈوائفری کونسل بل کی منظوری تاریخی کامیابی ، وزیر صحت
9 لاکھ نرسز کی کمی ، ماضی میں نرسنگ کونسل کو بدانتظامی اور کرپشن کا گڑھ سمجھا جاتا تھا
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان نرسنگ و مڈوائفری کونسل بل 2026کی منظوری ایک تاریخی کامیابی ہے ،نرسنگ کا شعبہ صحت کے میدان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نرسنگ کونسل کو بدانتظامی اور کرپشن کا گڑھ سمجھا جاتا تھا ، جس کے باعث نرسنگ کے اہم امور طویل عرصے سے جمود کا شکار تھے ۔ یہ قانون نرسنگ کے شعبے میں میرٹ، شفافیت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ پاکستان میں اس وقت تقریباً 9لاکھ نرسز کی کمی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی تقریباً 25لاکھ نرسز کی مانگ موجود ہے ،یہ اقدام اس خلا کو پر کرنے کی جانب اہم قدم ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ملکی سطح پر صحت کی خدمات میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستانی نرسز کیلئے عالمی مواقع بھی بڑھیں گے ۔