بنگلہ دیشی سول سرونٹس کے وفد کا نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کا دورہ
دونوں ممالک کا طویل المدتی تعاون،منظم تبادلہ پروگرامز کو فروغ دینے کا عزم
اسلام آباد( دنیا رپورٹ ) بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے سینئر سول سرونٹس پر مشتمل بارہ رکنی وفد، جو پاکستان کے بیس روزہ سرکاری دورے پر ہے ، نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ریکٹر این ایس پی پی فرحان عزیز خواجہ نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سٹاف کالج این آئی پی پی اور ای ڈی آئی کے ڈین ، صاحبزادہ شہزاد سلطان اور ڈاکٹر نوید الٰہی بھی موجود تھے ۔ اداروں کے مینڈیٹ، تربیتی پروگراموں اور نمایاں کامیابیوں پر مختصر پریزنٹیشنز پیش کیں۔ڈائریکٹر جنرل نیپا فاروق مظہر نے سٹاف کالج کی فیکلٹی کے ہمراہ اپنا تعارف کروایا ،فرحان عزیز نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی سول سروسز ایک مشترکہ انتظامی روایت سے جڑی ہوئی ہیں، جس کی بنیاد دیانتداری، لگن اور عوامی خدمت پر استوار ہے ۔ انہوں نے اس دورے کو سول سروس ٹریننگ، گورننس اور پبلک ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں تجربات اور بہترین عملی طریقوں کے تبادلے کا قیمتی موقع قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی تعاون اور منظم تبادلہ پروگرامز کے امکانات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔