یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کا تعمیراتی کام تیز : 4 ماہ میں ایڈمنسٹریٹو، اکیڈمک بلاک کی تکمیل کا ہدف
ڈپٹی کمشنر، ارکان اسمبلی کا زیر تعمیر کیمپس کا دورہ ، ایڈمنسٹریٹو ، اکیڈمک بلاک، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، اندرونی سڑکوں، نکاسی آب، بجلی اور دیگر سہولیات کے کاموں کا جائزہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کے خصوصی احکامات پر یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے قیام کے منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی لاتے ہوئے اہم عمارتوں کی جلد تکمیل کیلئے عملی اقدامات شروع کر د ئیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان، اراکین پنجاب اسمبلی عمران خالد بٹ، قیصر اقبال سندھو، نواز چوہان اور دیگر منتخب عوامی نمائندوں کے ہمراہ زیر تعمیر یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا، تعمیراتی کاموں، منصوبے کی مجموعی پیش رفت، درپیش ضروریات اور آئندہ کے اہداف کا جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ افسر وں نے منصوبے کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف تعمیراتی مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹو بلاک، اکیڈمک بلاک، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، اندرونی سڑکوں، نکاسی آب، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹو اور اکیڈمک بلاکس کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے 3 شفٹوں میں کام جاری رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ4ماہ کے اندر دونوں اہم بلاکس کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔