گھنٹہ گھر چوک کی توسیع سے آمدورفت بہترہو گی : ڈپٹی کمشنر

گھنٹہ گھر چوک کی توسیع سے آمدورفت بہترہو گی : ڈپٹی کمشنر

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اندرون شہر واقع تاریخی گھنٹہ گھر چوک کا دورہ کیا اور تزئین و آرائش کے مکمل ہونے والے منصوبے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تاریخی ورثے کی بحالی اور خوبصورتی کو اجاگر کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ، گھنٹہ گھر چوک کی تزئین و آرائش سے نہ صرف شہر کے تاریخی تشخص کو اجاگر کیا گیا ہے بلکہ چوک کی توسیع اور بہتر ٹریفک مینجمنٹ سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا اور شہریوں کو آمدورفت میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نوید احمد نے نعمانیہ روڈ اور ملحقہ گلی محلوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے عمل، نالیوں اور نالوں کی ڈی سلٹنگ، گلیوں اور بازاروں کی صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کو تنبیہ کی گئی اور واضح کیا گیا کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں