اندرون سندھ:حادثات وواقعات میں 4افراد لقمہ اجل، متعدد زخمی
جیکب آباد میں موٹر سائیکل سواروں نے کلہاڑیاں برساکر نوجوان قتل کردیامحراب پور، جھڈو، تلہار میں 3 افراد نے خودکشی کرلی، حادثے میں 3زخمی
اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)اندرون سندھ حادثات وواقعات میں 4 افراد لقمہ اجل بن گئے ، متعدد زخمی ہوئے ۔ جیکب آباد کے گاؤں خوش محمد پہنور میں نوجوان رفیق پہنور کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے ، مقتول کے بھائی نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے بھائی رفیق پہنور کو دھنی بخش حاجیجو اور اسرار پہنور نے قتل کیا ہے۔ محراب پور میں اکری تھانے کی حدود مہران ہائی وے پر حادثے میں صحافی، سماجی رہنما سجاد علی شر زخمی ہوگیا، جبکہ مورو دادو پل کے پاس کتا سامنے آ جانے پر موٹر سائیکل سوار سماجی رہنما فقیر اقبال احمد زخمی ہوگیا، گاؤں محرم سرگانی کا رہائشی چوکیدار حسین سرگانی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔
نوشہرو فیروز پولیس ذرائع کے مطابق عباسی ٹاؤن میں ڈپٹی کمشنر آفس کے نائب قاصد نذر میمن کی بہو مسمات تحسین میمن زوجہ علی رضا میمن نے مبینہ خودکشی کرلی۔ جھڈو کی ریاض کالونی کے رہائشی 18 سالہ نوجوان علی غلام ولد کبڑھ جروار نے پھندا لگاکر خودکشی کرلی، پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والا نوجوان منشیات کا عادی تھا اور آج ایک مقدمے میں اس کی کورٹ میں پیشی بھی تھی، دوسرے واقعے میں گاؤں نیاز کپری کے رہائشی 40 سالہ نوجوان محمد ناظم کپری نے زہریلی دوا پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہا جس کا معدہ صاف کرکے اس کی زندگی بچالی گئی۔ تلہار میں ڈندو کے قریب گاؤں اچھ موری میں 25 سالہ نوجوان چندر کولہی نے گھریلو پریشانی کے باعث خود کشی کر لی۔