میرپور خاص:تیزاب گردی کاشکار شہری 19روز بعد چل بسا

میرپور خاص:تیزاب گردی کاشکار شہری 19روز بعد چل بسا

گھریلو رنجش پر شفیق الرحمن پرتیزاب سے حملہ، 3بیٹیاں، ایک بیٹا سوگوارواقعہ کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ موجود، پولیس نے کارروائی نہیں کی، اہلیہ

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص کے علاقے گلشن کالونی سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود میں مبینہ تیزاب گردی کا شکار 49 سالہ شہری شفیق الرحمن 19 روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گیا، واقعے کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچ گیا، جبکہ ورثا نے واقعے کو پرانی گھریلو رنجش کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ، مرحوم کے پسماندگان میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں، مرحوم کے بھائی عبدالرحمن آزاد کے مطابق گھریلو تنازع کے تسلسل میں دو روز بعد رات تقریباً ڈھائی بجے نامعلوم افراد نے گرمی کے باعث گھر کے باہر سوئے ہوئے مرحوم پر تیزاب پھینک دیا جس سے ان کا جسم بری طرح جھلس گیا عبدالرحمان آزاد کا کہنا تھا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے شبہات عبدالغفار قریشی پر ہیں عبدالرحمان آزاد نے یہ بھی کہا کہ زخمی کو فوری طور پر حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بھرپور کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ مرحوم کی اہلیہ نے بھی الزام لگایا کہ پولیس نے واقعے کے بعد سنجیدہ اور فوری کارروائی نہیں کی حالانکہ علاقے میں سی سی ٹی وی شواہد موجود تھے ، دستیاب میڈیکل دستاویزات کے مطابق مرحوم کو شدید جھلسنے کے باعث علاج کے لیے ریفر کیا گیا تھا تاہم وہ 19 روز بعد دم توڑ گئے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے شفاف تحقیقات کرانے اور ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں