وسطی سندھ میں شدید گرمی، پارہ 50ڈگری پر پہنچ گیا
پڈعیدن، نوابشاہ ، نوشہرو فیروز ،مورو اور دیگر میں شدت 55ڈگری محسوس ہوئیبڑی تعداد میں لوگ اسپتال داخل،گرمی کا سلسلہ مزید کئی روز جاری رہنے کا امکان
پڈعیدن (نمائندہ دنیا) پڈعیدن، نوابشاہ ، نوشہرو فیروز اور مورو سمیت وسطی سندھ میں شدید گرمی کی لہر، سورج آگ برساتا رہا، لوگ تڑپ اٹھے ، سڑکیں اور گلیاں سنسان، لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ،درجہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،جبکہ اس کی شدت 55 ڈگری محسوس کئی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پڈعیدن،ٹھاروشاہ، نوشہرو فیروز، مورو اور نوابشاہ سمیت وسطی سندھ میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے ۔جمعرات اور جمعہ کو سورج آگ برساتا رہا، جس کے باعث لوگ تڑپ اٹھے ، بازار اور گلیاں سنسان اورلوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ،جبکہ شدید گرمی کے باعث مشروبات سمیت ٹھنڈی اشیا کا استعمال بڑھ گیا۔ اس موقع پر ناجائز منافع خوروں نے برف کے نرخ بڑھا دئیے۔
جس سے غریب اور محنت کش طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید گرمی کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد بیمار ہو کر اسپتال پہنچ گئی، جن میں خواتین، بچے اور بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ ڈاکٹرز کے مطابق شدید گرمی میں بغیر ضروری کام کے گھروں سے باہر نہ نکلا جائے ،انتہائی ضروری ہو تو سر ڈھانپ کر جایا جائے ۔ محکمہ موسمیات پڈعیدن ایئر پورٹ آفس کے مطابق جمعہ کو درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جبکہ اس کی شدت 55 ڈگری تک محسوس کی گئی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 12 فیصد رہا۔شدید گرمی کا یہ سلسلہ مزید کئی روز جاری رہنے کا امکان ہے۔