پنشن عدم ادائیگی کیس، ڈی جی کے ڈی اے سے مالی تفصیلات طلب
ریٹائرمنٹ کے باوجود واجبات نہیں ملے ، وسائل کی کمی کا جواز بنایا جارہا ہے،درخواست گزار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران ڈی جی کے ڈی اے سے گزشتہ پانچ سال کے ڈیولپمنٹ چارجز کی آمدنی کی تفصیلات طلب کرلیں۔ سماعت کے دوران جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ڈویلپمنٹ چارجز کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ۔ درخواست گزار سابق ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس ارشاد سومرو نے پنشن کی ادائیگی کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود انہیں واجب الادا پنشن ادا نہیں کی جا رہی۔ ارشاد سومرو نے عدالت کو بتایا کہ کے ڈی اے انتظامیہ وسائل کی عدم دستیابی کا جواز پیش کرکے پنشن کی ادائیگی سے گریز کر رہی ہے۔ عدالت نے معاملے کی مزید جانچ کے لیے ڈی جی کے ڈی اے کو گزشتہ پانچ سال کے ڈویلپمنٹ چارجز سے حاصل ہونے والی آمدنی کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا اور درخواست کی مزید سماعت ملتوی کردی۔علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے سابق شوہر کے ساتھ مل کر موجودہ شوہر کے قتل کے مقدمے میں گرفتار پولیس اہلکار ملزمہ دعا کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔