بلڑی کریم:نوجوان کی پراسرار موت، ورثا کالاش سمیت دھرنا
مہربان رند کومبینہ زہریلی چیز یا بیٹری کا پانی پلاکر قتل کیا گیا ، اہل خانہ کا الزامدھرنے سے مرکزی شاہراہ بلاک، ملوث افراد کیخلاف مقدمہ، گرفتاری کا مطالبہ
بلڑی شاہ کریم(نمائندہ دنیا)بلڑی شاہ کریم کے نواحی گاؤں رحیم بخش رند میں نوجوان مہربان رند ولد میر خان رند پراسرار ہلاک ہوگیا، ورثا نے الزام عائد کیا کہ مہربان رند کو مبینہ زہریلی چیز یا بیٹری کا پانی پلا کر قتل کیا گیا، واقعے کے بعد مشتعل اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے لاش سڑک پر رکھ کر دھرنا دیتے ہوئے مرکزی سڑک بلاک کر دی اور ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ورثا کے مطابق مہربان رند کو مبینہ تفتیش کے دوران کوئی زہریلی چیز پلائی گئی جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک ہو گئی۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاع ملی کہ مہربان رند بروہی محلہ کے قریب نیم بے نیم ہوشی کی حالت میں موجود ہے ، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے مزید علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، علاقہ مکینوں نے تدفین سے قبل لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہربان رند کی موت طبعی نہیں بلکہ ایک منظم سازش ہے ، ذمہ دار عناصر کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے فوری گرفتار کیا جائے ۔ ٹریفک جام اور صورتحال کشیدہ ہونے پر ڈی ایس پی وزیر علی شر اور ایس ایچ او تھانہ بلڑی شاہ کریم موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کئے ، پولیس حکام کی جانب سے مقدمہ درج کرکے اور شفاف تحقیقات کرنے اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کر دیا۔