حیدر آباد:ایل پی جی ڈیلرز یونین کا پولیس پرمقدمے کااعلان

حیدر آباد:ایل پی جی ڈیلرز یونین کا پولیس پرمقدمے کااعلان

سی آئی اے پولیس، ڈی ایس پی پر دکانداروں سے بھتہ طلبی، ہراساں کرنے کا الزامبھتہ نہ دینے پرچار چار دن غیر قانونی حراست سرا سر ظلم، رہنماؤں کی پریس کانفرنس

حیدرآباد(بیورورپورٹ)ایل پی جی ڈیلرز یونین رہنماؤں دانش احمد اور فیروز خان نے سی آئی اے پولیس اور ڈی ایس پی پر ایل پی جی دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے اور ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ میں آئینی درخواست دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔ وہ ہنگامی پریس کانفرنس کررہے تھے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ شہر میں سی آئی اے پولیس کی بھتہ خوری عروج پر پہنچ چکی۔ ڈی ایس پی اور انکے اہلکار ایل پی جی دکانداروں سے کاروبار کرنے کے عوض مبینہ بھتہ مانگ رہے ہیں، جو دکاندار بھتہ دینے سے انکار کرتے ہیں، انہیں چار چار روز تک غیر قانونی حراست میں رکھ کر نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا جاتا ہے ، جو سراسر ظلم اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ سی آئی اے پولیس اور ڈی ایس پی کی اس مبینہ بھتہ خوری اور غنڈہ گردی کا فوری نوٹس لیا جائے ۔ایک اہم نکتے پر وضاحت کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہماری یونین کسی بھی غیر محفوظ یا غیر معیاری جگہ پر ایل پی جی کے کاروبار کی ہرگز حمایت نہیں کرتی، ہم خود شہریوں کے تحفظ اور حفاظتی اقدامات کے خواہاں ہیں۔انہوں نے تجویز دی کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو چاہیے کہ وہ یونین کے نمائندوں، ڈسٹری بیوٹرز اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس منعقد کریں، تاکہ دکانداروں کے لیے حفاظتی تدابیر اور تربیت کا باقاعدہ انتظام کیا جا سکے اور کاروبار کو قانونی و محفوظ دائرہ کار میں لایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں