گھوٹکی:زمین کے تنازع پرگروہی تصادم، نوجوان جاں بحق

گھوٹکی:زمین کے تنازع پرگروہی تصادم، نوجوان جاں بحق

تڑت برادری میں گولیاں، کلہاڑیاں چلیں، سانگھڑ کی نہر میں کنڈیکٹر ڈوب گیانوشہرو فیروز میں حادثہ، خاتون، لڑکی جاں بحق، 7زخمی، ایک نوجوان کی لاش ملی

گھوٹکی، اندرون سندھ (نمائندگان)گھوٹکی میں زمین کے تنازع پر نوجوان قتل کردیا گیا، جبکہ نوشہرو فیروز میں حادثے کے باعث خاتون اور لڑکی جاں بحق جبکہ 7افراد زخمی ہوئے۔ گھوٹکی میں دوفریقوں کے درمیان زمین پر جھگڑا اچانک بڑھ گیا، تصادم کے نتیجے میں عبدالوحید تڑت نامی نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقتول کے والد بشیر احمد تڑت کے مطابق زمین کے معاملے پر کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا، اور اسی تنازع کے دوران ان کے بیٹے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ادھر سانگھڑ کی سماتھری نہر میں ایک ٹرک کنڈیکٹر نہاتے ہوئے اچانک گہرے پانی میں چلا گیا۔ متوفی کی شناخت غلام مصطفیٰ ملاح کے نام سے ہوئی، جو بدین کا رہائشی تھا۔ محراب پور کے قریب قاضی احمد کے آمری روڈ پر ڈبل کیبن فارچون گاڑی نمبر اے کے اے 88 اور کرولا کار نمبر ڈی ٹی ٹی 624 میں تصادم ہوگیا، حادثے میں کار سوار 31 سالہ مسمات قونین زہرا اور 8 سالہ نرگس کنیز جاں بحق ہوگئیں ، حادثے میں 41 سالہ فرید انجم، 36 سالہ عنایت حسین شاہ، ظفر علی، برکت علی، غلام علی، محمد علی اور مسمات بادشاہ زادی زخمی ہوگئی جنہیں قاضی احمد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جبکہ گزشتہ رات حادثے میں زخمی مٹھیانی کا ٹیکسی ڈرائیور محمد صدیق مستوئی زندگی کی بازی ہار گیا۔ پڈعیدن میں محکمہ آبپاشی بنگلہ کے سامنے سے ملنے والی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی، جسکی شناخت وارڈ نمبر 4 کے رہائشی پیرل عرف پوڑھو سنجرانی کے نام سے ہوئی۔ روہڑی کے میمن محلہ پل کے قریب پیر کی صبح ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار نوجوان 17 سالہ صابر حسین شیخ سکنہ میمن محلہ جاں بحق ہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں