محرم کے لئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل، پولیس ہائی الرٹ
حساس مقامات، امام بارگاہوں، جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے بھاری نفری تعینات ہوگیلاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، اسلحہ نمائش پرپابندی، خلاف ورزی پرایکشن، پولیس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا۔ پولیس حکام کے مطابق حساس مقامات، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے بھاری نفری تعینات کی جائیگی، جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
حکام کے مطابق ضلع جنوبی میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے تین مراحل پر مشتمل خصوصی پلان نافذ کیا گیا، جس کے تحت 120 این جی اوز، 800 پولیس اہلکار اور درجنوں پولیس موبائلز مرکزی مجالس کی سکیورٹی پر مامور ہونگی۔پولیس نے محرم کے دوران تمام افسران و اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا، جبکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عمائدین پر مشتمل امن کمیٹیاں بھی فعال کر دی ہیں۔ علما کرام اور ذاکرین کے ساتھ رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی نگرانی کیلئے اسنیپ چیکنگ اور خصوصی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائیگا، جبکہ شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائیگی۔ پولیس کے مطابق جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ ہوگی، جبکہ بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائینگے ۔ اسپیشل برانچ کے افسران اور اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹیوں میں حصہ لیں گے۔