گلشن اقبال میں گھر سے بزرگ خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد
گھر سے زیورات، رقم غائب، مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرقتل کیا گیا، بیٹیآمنہ مدینہ کالونی میں معذور بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر تھی، پولیس تفتیش شروع
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن اقبال میں گھر سے بزرگ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی جسے سر پراینٹ مار کر قتل کیا گیا، مقتولہ کی بیٹی نے واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آنے کاقرار دیتے ہوئے کہاکہ گھر سے نقدی اور طلائی زیورات غائب ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کر لئے اور لاش جناح اسپتال پہنچائی۔اس حوالے ایس ایچ او گلشن اقبال سعود نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 61 سالہ آمنہ زوجہ عبدالغفور کے نام سے کی گئی جو کہ بیوہ اور گلشن اقبال بلاک تیرہ جی مدینہ کالونی کچی آبادی میں 30 گز کے مکان کی پہلی منزل پر ایک کمرے میں اپنے معذور بیٹے کے ہمراہ رہتی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آمنہ خاتون کونامعلوم ملزمان نے سر پراینٹ مارکر قتل کیا، کان سے بالیاں نوچی گئیں۔انہوں نے بتایاکہ مقتولہ جس محلے میں رہتی تھی وہ انتہائی گنجان آباد علاقہ ہے تاہم کسی کوقتل کی خبر تک نہیں ہوئی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مقتولہ کامعذور بیٹا وفاقی اردو یونیورسٹی میں ملازم ہے ، واردات کے وقت خاتون اکیلی تھی اور بیٹے کے گھر آنے پر قتل کا علم ہوا۔ اسپتال میں مقتولہ کی بیٹی نے کہا کہ وہ سرجانی ٹاؤن میں رہتی ہے اور والدہ کے قتل کا سن کر اسپتال پہنچی، میری بزرگ والدہ کے کانوں کو نوچ کر سونے کی بالیاں چھینی گئی ہیں جبکہ گھر میں لوٹ مارکی گئی، چار سے ساڑھے چار تولہ سونا اور نقدی بھی لوٹی گئی ہے۔