کراچی سیف سٹی منصوبے میں تاخیر کی بھاری قیمت چکا رہا ہے ، الطاف شکور
کراچی(این این آئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کراچی کے علاقے موسمیات میں رینجرز گلستان جوہر ہیڈ کوارٹرپر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سیف سٹی منصوبے میں مسلسل تاخیر کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے ۔
شہر میں جدید نگرانی اور سیکیورٹی کا مربوط نظام بروقت قائم کر دیا جاتا تو دہشت گردی، اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم پر قابو پانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کہیں زیادہ مؤثر مدد مل سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز کے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا اور انہیں اندر داخل نہیں ہونے دیا ۔ پاکستان کے حالیہ سفارتی کردار اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت سے ملک دشمن عناصر واضح طور پر ناخوش ہیں اور بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی اداروں کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ ہم کراچی رینجرز ہیڈکوارٹر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر کراچی کے عوام اپنی پاک افواج، رینجرز اور دیگر سیکیوریٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔