شہداد پور:مبینہ گستاخ صحابہ کی گرفتاری ورہائی کیخلاف دھرنا
سنی رابطہ کونسل کے کارکنان ہالا چوک پرجمع ہوگئے ، دوبارہ گرفتاری کا مطالبہبااثر افراد نے چھڑایا، مظاہرین، ڈی ایس پی کی دوبارہ گرفتاری کی یقین دہانی
شہداد پور (نمائندہ دنیا)شہداد پور میں صحابہ کرام کی شان میں مبینہ گستاخی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے آزاد کرنے پر سنی رابطہ کونسل نے ہالاچوک پر دھرنا دے دیا، ڈی ایس پی کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور میں صحابہ کرام کی شان میں مبینہ گستاخی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد بااثر افراد کے کہنے پر آزاد کرنے کے خلاف سنی رابطہ کونسل کی اپیل پر شہر کے مین ہالاچوک پر کارکنوں نے دھرنا دے کر شاہراہ بلاک کردی، جس سے ٹریفک جام اور آمدورفت بالکل بند ہوگئی۔ چوک بلاک ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ دھرنے کے شرکا نے ملزم کی دوبارہ گرفتاری کا مطالبہ کیا، دھرنا طویل ہونے پر ڈی ایس پی شہدادپور نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کئے اور مبینہ گستاخی کرنے والے ملزم کو دوبارہ گرفتار کرنے اور سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی، جس پر مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا، اور پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔ جبکہ شاہراہ بھی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی۔