کنڈیارو:مریضہ کی نامناسب دیکھ بھال، لیڈی ڈاکٹر، ہیلتھ سینٹر پرجرمانہ
ہیلتھ کیئر کمیشن کا ڈاکٹر شمیم اکبر کو3لاکھ، ہیلتھ سینٹر کوایک لاکھ دینے کا حکمانتظامیہ کو15یوم میں کمیشن کے پاس تعمیل کے شواہد جمع کرانے کی ہدایت
کنڈیارو (نمائندہ دنیا)ہیلتھ کیئر کمیشن نے ہالانی کی لیڈی ڈاکٹر شمیم اکبر اعوان پر 3لاکھ اور میڈیکل سینٹر پر 1لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ مریضہ کی نامناسب دیکھ بھال پر ہیلتھ کیئر کمیشن نے کنڈیارو کے نواحی علاقے ہالانی کی ڈاکٹر شمیم اعوان پر تین لاکھ روپے جرمانہ کردیا، قوانین کی خلاف ورزی پر ہالانی کے مقامی میڈیکل سینٹر پر بھی ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایکٹ 2013کے تحت لیڈی ڈاکٹر شمیم اور اسکے سینٹر کیخلاف حکمنامہ جاری کیا، میڈیکل سینٹر انتظامیہ کو پندرہ یوم کے اندر کمیشن کے پاس تعمیل کے شواہد جمع کرانے کا حکم دیا۔ ذرائع سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ڈاکٹر شمیم اکبر اعوان کیخلاف طبی غفلت، نامناسب دیکھ بھال پر کارروائی کی گئی مریضہ شانیہ اکرم کے شوہر حافظ عارف نے ہیلتھ کیئر کمیشن میں لیڈی ڈاکٹر کیخلاف اپیل دائر کی تھی جس پر حکمنامہ جاری ہوا۔ دوسری جانب متاثرہ خاتون کے شوہر حافظ عارف نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ میری اہلیہ کو طبیعت بالکل بگڑجانے پر ہمیں اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، ڈاکٹر شمیم کی نااہلی کے باعث اہلیہ شانیہ کی حالت انتہائی خراب رہی مختلف اسپتالوں میں لاکھوں روپے خرچ کئے ، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں ڈاکٹر کیخلاف جنگ لڑی اب اسکا لائسنس معطل کروانے کیلئے بھی جدوجہد کرونگا تاکہ کوئی اور مریض اسکا شکار نہ ہو۔