بنیادی حقوق ہر صورت حاصل کریں گے ، شاہی سید
شہر سے پختونوں کو بے دخل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،صدر اے این پیپارٹی تنظیموں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری ، احتجاجی تحریک شروع کرنیکی ہدایت
کراچی(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ ظالم اور رشوت خور حکمرانوں سے اپنے بنیادی انسانی حقوق ہر صورت حاصل کریں گے ۔ عوام اپنے آئینی اور جمہوری حقوق پرامن جدوجہد کے ذریعے حاصل کریں گے ۔پارٹی کی تمام تنظیمیں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔اتوار کی شب ضلع کیماڑی کے رشید آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو بنیادی انسانی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ کراچی دنیا کا سب سے بڑا پختون شہر ہے ، کسی کو پختونوں کو یہاں سے بے دخل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔شاہی سید نے کہا کہ سندھ حکومت نے بالخصوص پختون آبادیوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے ۔ عوامی نیشنل پارٹی پختونوں اور دیگر مظلوم قومیتوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مشکل وقت میں پختونوں کو عوامی نیشنل پارٹی ہی یاد آتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ووٹ دوسری جماعتوں کو دیتے ہو، پھر مسائل کے حل کے لیے اے این پی سے توقع رکھتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی تنظیمیں بنیادی انسانی حقوق کے حصول کیلئے ضلع کی سطح پر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں۔ پارٹی کی تمام تنظیمیں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔اے این پی کی کامیابی ہی پختونوں کے مسائل کے حل کی ضمانت ہے ۔