میرپور بٹھورو:شدید آبی قلت کے خلاف آبادگاروں کامظاہرہ

میرپور بٹھورو:شدید آبی قلت کے خلاف آبادگاروں کامظاہرہ

جعفرا واہ اور چھنڈن شاخ میں مصنوعی قلت، کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا قلت ختم ،صفائی نہ کرائی گئی تو احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائیگی، طالب میمن ودیگر

میرپور بٹھورو (نمائندہ دنیا) میرپور بٹھورو میں پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری۔ گنج بحر کینال میں پانی کی کمی کے باعث جعفرا واہ اور چھنڈن شاخ کے آخری سروں کے آبادگار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔طالب میمن، بچل جٹ، محمد بنڑو اور قومی پارٹی کے قادر بخش زئورجی کی قیادت میں آبادگاروں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر آبادگاروں نے کہا کہ گنج بحر کینال کے کسانوں کو جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے ، پانی نہ ملنے کے باعث وہ دھان کی نرسری بھی نہیں لگا سکے ، جس سے انہیں کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا جعفرا واہ اور چھنڈن شاخ میں مصنوعی طور پر شدید پانی کی قلت پیدا کر دی گئی ہے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ آبادگار معاشی بدحالی سے بچ سکیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نہروں کی صفائی اور کانٹا کرایا جائے تاکہ پانی کی روانی بحال ہو سکے ۔ احتجاج کرنے والوں نے خبردار کیا کہ اگر پانی کی قلت ختم نہ کی گئی اور نہروں کی صفائی نہ کرائی گئی تو احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔آبادگاروں کا کہنا تھا تحصیل میرپور بٹھورو کی بیشتر نہریں پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں، جس کے باعث کسان سخت پریشانی اور مایوسی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گنج بحر کینال، جعفرا واہ اور چھنڈن شاخ کے آبادگاروں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے ، جس کے نتیجے میں وہ غربت، بھوک اور معاشی بدحالی کا شکار ہو رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں