میئر کا نالوں کی صفائی کا تیسرے روز بھی معائنہ

میئر کا نالوں کی صفائی کا تیسرے روز بھی معائنہ

ریلوے کالونی کا دورہ،15ستمبر تک صفائی کا کام جاری رکھنے کا اعلان ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کی مدد کیلئے بھی تیار ہیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی (آئی این پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تیسرے روز بھی نالوں کی صفائی کے کام کا دورہ کیا۔میئر نے آئی آئی چندریگر روڈ کے قریب ریلوے کالونی میں سٹی نالے کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر میئر کے ہمراہ میونسپل کمشنر ابرار جعفر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران بھی موجود تھے ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے ڈاؤن ٹاؤن کے قریب واقع اس نالے کی بہت اہمیت ہے ، اسی لیے مون سون سے قبل اسے مکمل طور پر صاف کیا جا رہا ہے ۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ نالوں کی صفائی کا کام بہترین انداز میں مکمل ہو۔ نہ صرف نالوں کی صفائی بلکہ دیگر تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے جائیں گے ۔ نالوں کی صفائی کا یہ کام 15 ستمبر تک جاری رہے گا، ہم ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کی مدد کیلئے بھی تیار ہیں۔ میئر نے مزید کہا کہ میں خود صفائی کے کام کی نگرانی کر رہا ہوں جبکہ میرے عوامی نمائندے بھی اس عمل کی نگرانی کریں گے ۔یاد رہے کہ ایک روز قبل گجر نالے پر جاری صفائی کے کام کے معائنے کے دوران میئر نے کہا تھا کہ صفائی کے کام کی مؤثر نگرانی کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی جس سے کام کی رفتار، معیار اور شفافیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ بلدیہ عظمیٰ مون سون سیزن کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں