ڈہرکی:پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے ، ایک زخمی گرفتار

ڈہرکی:پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے ، ایک زخمی گرفتار

گھوٹکی، میرپورماتھیلو (نمائندگان دنیا) تھانہ ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو پولیس کی مشترکہ کارروائی میں مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

 جن کے قبضے سے چھینی گئی دو موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے دو افراد سے موٹر سائیکلیں چھینی تھیں۔ اطلاع ملنے پر دونوں تھانوں کی پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کیا ۔ پولیس جب گاؤں گل محمد کھاوڑ کے قریب پہنچی تو ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی بھی موقع پر پہنچ گئے اور اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت غلام نبی اور اصغر عرف ارسلا ، جبکہ زخمی ملزم کی شناخت صابر کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ڈاکوؤں کی لاشیں سول اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دیں، جبکہ زخمی ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے بروقت کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کارکردگی کو سراہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں