ینگ ڈاکٹرزکی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں، منعم ظفرخان

ینگ ڈاکٹرزکی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں، منعم ظفرخان

عباسی اسپتال مسائل کا گڑھ بن چکا،بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائےپیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ملکراداروں کو تباہ کیا،امیر جماعت اسلامی کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عباسی شہید اسپتال ناظم آباد میں اسپتال کی زبوں حالی، ڈاکٹرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر مسائل کے حوالے سے ینگ ڈاکٹرز کے ہمرا ہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس آفیسر اورپوسٹ گریجویٹس کو فوری طور پر مکمل اور بقایا تنخواہیں ادا کی جائیں، اسپتال میں ادویات، طبی آلات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، جماعت اسلامی ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات اور جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے ، سٹی کونسل، سندھ اسمبلی سمیت ہر آئینی و جمہوری طریقے سے ان کے حقوق اور مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی۔منعم ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کے اداروں کو تباہ کیا ،پیپلز پارٹی کی نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن کی سزا پورا کراچی بھگت رہا ہے ۔سندھ حکومت کے رواں سال 393 ارب روپے صحت کے بجٹ کے باوجود سرکاری اسپتالوں کی حالت دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے ،عباسی شہید اسپتال مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ،ولیکا اسپتال میں حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بچوں میں ایچ آئی وی کیسز کی تعداد کا100 سے زیادہ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے ، صوبائی وزیر خود اعتراف کر چکے ہیں کہ 78 بچوں میں ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کے صحت اور تعلیم سمیت تمام اداروں کو تباہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں