گٹکا ماوا کی ترسیل پر3،3سال قید وجرمانے کی سزا
مجرموں کو جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی اکبر علی اور عبدالغفورکے قبضے سے گٹکے اورماوا کی 375پڑیاں برآمد ہوئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے گٹکا اور ماوا کی ترسیل اور فروخت کے مقدمے میں دو ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر تین، تین سال قید اور دو، دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے سزا سنانے کے بعد ملزمان اکبر علی اور عبدالغفور کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر جیل بھیجنے کا حکم بھی دے دیا۔استغاثہ کے مطابق پولیس نے تھانہ کلری کی حدود میں جمعہ بلوچ روڈ، لیاری میں کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے گٹکا اور ماوا کی بڑی کھیپ برآمد کی تھی۔ پراسیکیوٹر رضوانہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم اکبر علی کے قبضے سے 225 جبکہ عبدالغفور کے قبضے سے 150 گٹکا اور ماوا کی پڑیاں برآمد ہوئی تھیں، جو فروخت کی غرض سے رکھی گئی تھیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ کیمیکل ایگزامینر کی رپورٹ کے مطابق برآمد شدہ مواد انسانی صحت کے لیے مضر ہے اور گٹکا و ماوا کینسر جیسے موذی مرض کا سبب بن سکتے ہیں۔ استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد قابل اعتماد، مضبوط اور ناقابل تردید ہیں، جبکہ ملزمان کا جھوٹے مقدمے میں پھنسائے جانے کا دفاعی مؤقف کسی بھی قابل قبول ثبوت سے ثابت نہیں ہو سکا۔ فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان مضر صحت اشیا کی ترسیل اور فروخت میں ملوث تھے ۔ عدالت نے برآمد شدہ گٹکا اور ماوا کو قانون کے مطابق تلف کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments