پورٹ قاسم میں 2 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری متوقع
یو اے ای، چین، ترکیہ اور قطر کی سرمایہ کاری صنعتی زونز،انفرااسٹرکچرپر خرچ ہوگیریکوڈک منصوبے سے وابستہ سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے ،چیئرمین پورٹ قاسم
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی رئیر ایڈمرل (ر)سید معظم الیاس نے کہا ہے کہ پورٹ قاسم ملکی معیشت اور بحری تجارت کا سب سے بڑا سرمایہ کاری مرکز بنتا جا رہا ہے جہاں آئندہ برسوں میں متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور چین کی جانب سے مجموعی طور پر دو ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری متوقع ہے ،یہ سرمایہ کاری 30 سالہ جامع منصوبے کے تحت پورٹ قاسم کے انفرااسٹرکچر، صنعتی زونز، لاجسٹکس اور بندرگاہی سہولیات کی توسیع پر خرچ کی جائے گی۔ دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پورٹ قاسم نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبے سے وابستہ سرمایہ کاری بھی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
ریکوڈک مائننگ کمپنی پورٹ قاسم میں براہ راست 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی،ریکوڈک سے معدنی ذخائر کی ترسیل کو مؤثر بنانے کیلئے ایم ایل ون منصوبے کے تحت پپری سے پورٹ قاسم تک نئی ریلوے لائن بچھانے کا کام شروع ہو چکا ہے ۔چیئرمین پورٹ قاسم کے مطابق بندرگاہ کی استعداد بڑھانے کیلئے 25 کروڑ ڈالر کی لاگت سے ڈریجنگ آپریشن کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد بندرگاہ کے چینل کی گہرائی 18 میٹر تک ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ چین کے تعاون سے جہازرانی اوربندرگاہی شعبے میں متعدد میگامنصوبوں پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے ،ریلوے اور بندرگاہی رابطوں کی بہتری کے بعد کراچی کی سڑکوں پر بھاری مال بردار ٹریفک کا دباؤ بھی نمایاں حد تک کم ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments