محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن کی کارروائی کا حکم نامہ معطل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکول کی فیس میں اضافے کے معاملے پر محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن کی کارروائی کا حکم نامہ معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک درخواست گزار اسکول کے خلاف کسی بھی قسم کی سخت کارروائی سے روک دیا۔
عدالت نے درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگست کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار اسکول کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن نے والدین کی شکایت پر کارروائی کا حکم دیا تھا۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسکول نے متعلقہ حکام کی پیشگی منظوری حاصل کیے بغیر ٹیوشن فیس میں اضافہ کیا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ والدین کی جانب سے دائر کی گئی شکایات کی نقول درخواست گزار اسکول کو فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث اسکول مؤثر جواب جمع کرانے سے محروم رہا۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ اسکول کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع بھی نہیں دیا گیا، جو انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments