کراچی بار ایسوسی ایشن کاآج ہونے والا احتجاج ملتوی

 کراچی بار ایسوسی ایشن کاآج ہونے والا احتجاج ملتوی

آئی جی بار قیادت سے ملاقات اورمعاملے سے متعلق مذاکرات کریں گےمسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، کراچی بار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلبہار تھانے میں وکیل اشفاق احمد برڑو پر مبینہ تشدد کے معاملے پر کراچی بار ایسوسی ایشن نے 5 اگست کو ہونے والا احتجاج ملتوی کردیا، آئی جی سندھ کی بار قیادت سے ملاقات اور مذاکرات کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ اور جنرل سیکریٹری محمد ارشد شر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ کی درخواست پر احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئی جی سندھ آج کراچی بار ایسوسی ایشن پہنچیں گے ، جہاں وہ کمیٹی روم میں بار کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات کے دوران ایڈووکیٹ اشفاق احمد برڑو کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر تفصیلی مذاکرات کیے جائیں گے ۔ کراچی بار ایسوسی ایشن نے آئی جی سندھ کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس کے باعث احتجاج مؤخر کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن نے گلبہار تھانے میں اشفاق احمد برڑو پر مبینہ تشدد کے واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایس ایچ او گلبہار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اسی سلسلے میں 5 اگست کو سٹی کورٹ سے ریلی اور آئی جی سندھ کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم آئی جی سندھ سے مذاکرات کے فیصلے کے بعد احتجاج فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...