انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز مسائل کا گڑھ بن گیا

انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز مسائل کا گڑھ بن گیا

انتظامیہ کی غفلت سے پینے کا پانی آلودہ ، کلاسز میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم غیر فعال،طالبات بھی ہراسگی کا شکار ،انکوائر ی کرواکرمسائل حل کرینگے :وائس چانسلر

فیصل آباد(عبدالباسط سے )پوسٹ گریجوایٹ انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز فیصل آبادمسائل کا گڑھ بن گیا ، انتظامیہ کی مبینہ غفلت کی وجہ سے پینے کا صاف پانی غائب اور کلاسز میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم غیر فعال ہونے کے ساتھ مبینہ طور پر آئے روز طالبات بھی ہراسگی کا شکار بننے لگیں۔ مسائل حل اور شکایات کے اندراج کیلئے طالبات کی جانب سے درخواست کی گئی تو مبینہ طورپر رئیس ادارہ کی جانب سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے اُلٹا طالبات کو ہی چُپ کروادیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پوسٹ گریجوایٹ انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز فیصل آباد انتظامی غفلت کا شکار بنتا جارہا ہے ۔ طلباو طالبات کیلئے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کافی عرصہ سے آلودہ ہونے پر طلبہ پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ اسکے علاوہ شدید حبس اور گرمی کے دوران وژن سائنسز اور دیگر کلاسز میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم بھی دستیاب نہیں۔ ایسی صورتحال میں طلبا و طالبات کیلئے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں شدید مسائل سامنے آرہے ہیں۔ ذرائع سے اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ طالبات کوبعض مالی اور سکیورٹی گارڈز سمیت دیگر درجہ چہارم کے ملازمین کی جانب سے ہراساں کرنے کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ جسکی وجہ سے طالبات عدم تحفظ اور ذہنی اذیت کا شکار بنتی جارہی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق طالبات کی جانب سے اے ایچ ایس کے پرنسپل ڈاکٹر عبدالباسط کو چند روز قبل مذکورہ بالا مسائل سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے شکایات کا اندراج کروایا گیا تو مبینہ طور پر حکام کی جانب سے اُلٹا طالبات کو ہی ڈراتے دھمکاتے ہوئے خاموش رکنے پر زور دیا گیااور بصورت دیگر امتحانات میں انکے نتائج پر اثرات لائے جانے سے متعلق بھی دھمکیاں دی گئیں۔ صورتحال پر طلبا و طالبات کے والدین بھی انتہائی پریشانی کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق ادارے میں کینٹین چلانے والی خاتون بھی متعدد سکیورٹی گارڈز اور مالیوں کے نامناسب رویہ سے چند ہفتے قبل کینٹین چھوڑ گئی تھیں۔ طلبا و طالبات اور انکے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے ان کیخلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے تاہم معاملے پر قائم مقام وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بلال لودھی کاکہناہے کہ میرٹ پر انکوائری کرواکر ذمہ داران کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرکے طلبا و طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ دیگر مسائل کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...