ناکارہ سیوریج،گلی محلوں میں بارش کا پانی جمع
لدھیوالہ اور کوٹ اسحاق میں چھوٹی سیوریج لائنیں اور بند گٹرپانی کا دبائو برداشت نہ کر سکے‘میونسپل کمیٹی کا عملہ بھی ناکافی مشینری ‘محدود وسائل کے با عث بے بس
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی)لدھیوالہ اورکوٹ اسحاق کے گلی محلوں میں بارش کا پانی جمع ، چھوٹی اور ناکارہ سیوریج لائنوں کی وجہ سے میونسپل کمیٹی کا عملہ بھی بے بس ہو گیا، بدبو اور تعفن سے شہری اذیت میں مبتلا ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ حالیہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے لدھیوالہ اور کوٹ اسحاق کے گلی محلوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ، چھوٹی سیوریج لائنیں اور بند گٹرپانی کا دبائو برداشت نہ کر سکے جس کی وجہ سے گلیاں جوہڑ کا منظر پیش کر رہی ہیں، بعض گلیوں میں بارش کا پانی کئی دن سے کھڑا ہے جس کی وجہ سے بد بو اور تعفن پھیل رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کا عملہ بھی ناکافی مشینری محدود وسائل اورپرانے نکاسی آب کے نظام کے باعث صورتحال پر قابو پانے میں بے بس دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں روزانہ گندے پانی سے کئی بار گزرنا پڑتا ہے جبکہ مکھیوں مچھروں اور کیڑے مکوڑوں کی بہتات سے بیماریوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد، اسسٹنٹ کمشنر فیصل مجید سے مطالبہ کیا ہے کہ لدھیوالہ اور کوٹ اسحاق میں مون سون کی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر نکاسی آب کیلئے ہنگامی آپریشن شروع کیا جائے ، بند سیوریج لائنوں کی صفائی کرائی جائے اور بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے اضافی مشینری اور عملہ فراہم کیا جائے تاکہ لوگوں کو تعفن زدہ ماحول سے چھٹکارامل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments