طالبات کی تیار کردہ مصنوعات کو نمایاں کیا جائے ،سیکرٹری سوشل ویلفیئر

طالبات کی تیار کردہ مصنوعات کو  نمایاں کیا جائے ،سیکرٹری سوشل ویلفیئر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سائرہ عمر نے منگل کے روز سرگودھا کا تفصیلی دورہ کیا اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے مختلف ذیلی اداروں اور زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔

انہوں نے اپنے دورے کا آغاز ڈویژنل سوشل ویلفیئر کمپلیکس کی نئی عمارت کے معائنہ سے کیا۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات اور برانچوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و ملازمین سے ان کی ذمہ داریوں، جاری سرگرمیوں اور سروس ڈیلیوری کے بارے میں بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے اور اداروں کی کارکردگی کو مؤثر انداز میں مانیٹر کیا جائے ۔سائرہ عمر نے صنعت زار کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین کے دستکاری و تربیتی مرکز، مختلف شعبہ جات اور تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر تربیت بچیوں سے ملاقات کرکے ان کے تربیتی پروگرامز اور سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے میں ڈسپلے کو مزید بہتر بنایا جائے ، طالبات کی تیار کردہ مصنوعات کو نمایاں کیا جائے اور لوگوں کو ادارے کی سرگرمیوں سے جدید اور مؤثر انداز میں آگاہ کیا جائے ۔

انہوں نے میک اپ، سلائی کڑھائی اور دیگر ہنر سیکھنے والی بچیوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی تیار کردہ مصنوعات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے ہدایت کی کہ تربیت مکمل کرنے والی بچیوں کے ای کامرس اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس بنوائے جائیں ۔انہوں نے عملہ سے انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ مستحق افراد کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سائرہ عمر نے شیلٹر ہوم/وومن کرائسس سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں مقیم خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی اور دیگر خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملہ سے بریفنگ لی اور خواتین کی فلاح و تحفظ کے لیے اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ماڈرن چلڈرن ہوم کا دورہ کرکے بچیوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے ۔ انہوں نے بوائز چلڈرن ہوم میں دو بچوں کی سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور بچوں کے ساتھ کیک کاٹا۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے اپنے دورے کے دوران شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین اور ڈپٹی ڈائریکٹر زیب النساء بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...