آٹا 165 روپے کلو، فائن آٹے کا 15 کلو تھیلا 2500 سے تجاوزات
گندم 5800 روپے من، سرکاری نرخوں والا 10 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے نایاب،آٹے اور گندم کی قیمتوں میں فوری کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں:شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) آٹے اور گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائیوں کے بجائے مبینہ طور پر خاموشی اختیار کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت 165 روپے فی کلوگرام جبکہ فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2500 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ دوسری جانب سرکاری نرخوں پر فراہم کیا جانے والا 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا بھی مارکیٹ سے نایاب ہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں محکمہ خوراک، ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ موجودہ صورتحال میں اوپن مارکیٹ میں گندم 5800 روپے فی من، دیسی آٹا 165 روپے فی کلوگرام جبکہ فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2500 روپے سے تجاوز کرچکی ہے ۔قیمتوں میں اضافے کے باعث عام آدمی، خصوصاً مزدور طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوگیا ہے ۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے قیمتوں پر قابو پانے کے لیے تعینات افسران و اہلکار ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف عملی کارروائی کے بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرکے بوگس رپورٹس تیار کرکے حکام کو ارسال کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرکاری نرخوں پر 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی دستیابی کے دعوے بھی کیے گئے ، تاہم مارکیٹوں میں اس تھیلے کا شدید فقدان ہے ۔شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں فوری کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments