سینئر صحافی مرزا افتخار بیگ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے
کلیانہ قبرستان میں سپرد خاک ،سوگواران میں بیوہ اور 3صاحبزادے شامل فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی تعزیت ،صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین
کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف شوبز صحافی مرزا افتخار بیگ طویل علالت کے بعد 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ وہ پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن، کراچی پریس کلب اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سینئر رکن تھے ۔ مرحوم نے سوگواران میں بیوہ اور تین صاحبزادے چھوڑے ہیں۔مرزا افتخار بیگ شوبز صحافت میں سچے ، کھرے اور بے باک صحافی کے طور پر پہچانے جاتے تھے ۔ وہ روزنامہ دنیا سمیت مختلف اخبارات سے وابستہ رہے ۔ وہ گزشتہ کئی برس سے علیل تھے اور 3 ستمبر کو صبح 5 بجے خالق حقیقی سے جاملے ۔مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر مسجد قباء میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب اور دوست احباب نے شرکت کی۔ سینئر صحافی عابد حسین سمیت شعبہ صحافت سے وابستہ متعدد شخصیات بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئیں۔ بعد ازاں مرحوم کو کلیانہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔مرزا افتخار بیگ کی رسم قل ہفتہ 5 ستمبر کو عصر تا مغرب مسجد قباء میں ادا کی جائے گی جبکہ خواتین کے لیے فاتحہ خوانی کا اہتمام رہائش گاہ نمبر 126، کلیانہ ٹاؤن، سیکٹر 10، نارتھ کراچی میں کیا گیا ہے ۔پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر ہما میر، چیئرمین اطہر جاوید صوفی اور دیگر اراکین نے مرزا افتخار بیگ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments