رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اموات 54 ہوگئیں
نارتھ کراچی میں ڈاکو پکڑنے کے دوران زخمی ہونے والا شہری چل بسامختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کراچی(این این آئی) نارتھ کراچی میں ایک ہفتہ قبل ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکو کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا شہری دوران علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی۔پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 5-A/4 میں 12 اور 13 ستمبر کی درمیانی شب نور احمد نے مددگار 15 پر اسلحے کے زور پر موبائل فون چھیننے کی اطلاع دی تھی۔ ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری فرخ ہاشمی کے مطابق پولیس نے موبائل فون کی لوکیشن کے ذریعے ملزمان کا تعاقب کیا اور ایک گلی میں پہنچنے پر 2 ملزمان کو فرار ہوتے دیکھا۔ اس دوران شہری نور احمد نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق ملزم یوسف نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں نور احمد پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جبکہ ملزم بھی اپنی ہی گولی لگنے سے ٹانگ پر زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ پولیس حراست میں زیر علاج ہے ، جبکہ شدید زخمی نور احمد ہفتے کو عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔ دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments