پنگریو:آبی قلت کے خلاف آبادگاروں کا تیسرے روز بھی دھرنا
حکومت مطالبات پر عملدرآمد، ٹیل کے آبادگاروں کو انکے حصے کا پانی فراہم کرےمطالبات پورے نہ ہونے پر آج ملکانی شریف میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائیگی، مظاہرین
پنگریو (نمائندہ دنیا) پانی کی قلت کے خلاف آبپاشی سب ڈویژن خیرپور گمبوہ کی مختلف شاخوں کے ٹیل کے آبادگاروں نے ملکانی شریف، پنگریو روڈ پر تیسرے روز بھی دھرنا دے کر سڑک بلاک کردی، جبکہ احتجاج کے اعلان کے مطابق آج پیر کے روز ملکانی شریف میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ دھرنے میں سندھ آبادگار تنظیم خیرپور گمبوہ کے صدر فیاض حسین شاہ راشدی، غلام نبی ملکانی، طارق محمود آرائیں، فوجی نذیر ملکانی، عبدالقیوم ملکانی، لطف ملکانی اور دیگر آبادگاروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شاخوں میں پانی کی قلت کے باعث ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہو رہی ہے اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیل کے آبادگار طویل عرصے سے پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
جس کے باعث زرعی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ آبادگاروں نے مطالبہ کیا کہ فراؤ ریگولیٹر پر پانی کی سطح فوری طور پر 6 فٹ تک بڑھائی جائے ، ٹیل کی تمام شاخوں میں مقررہ حصے کے مطابق پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور پانی کی تقسیم میں قلت کا مستقل حل نکالا جائے ۔ انہوں نے وزیر محکمہ آبپاشی اور متعلقہ حکام سے مطالبات پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیل کے آبادگاروں کو ان کے حصے کا پانی فراہم کیا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور پیرکے روزملکانی شریف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments