سجاول:دڑو کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ، لڑکی جاں بحق
ٹھٹھہ روڈ پرملزمان نے ہائی روف کونشانہ بنایا، سینکڑوں افراد کالاش سمیت دھرنامظاہرین نے 5گھنٹے ٹریفک معطل رکھا، حکومت کیخلاف نعرے ، اے پی سی طلب
سجاول، دڑو (نمائندگان دنیا)سجاول میں دڑو، بیلو روڈ پر 5 مسلح ڈاکوؤں نے ٹھٹھہ سے دڑو آنے والی ہائی روف کیری پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دڑو کی رہائشی 15 سالہ مُرک میمن گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئی، مقتولہ کا جنازہ احتجاج میں تبدیل ہوگیا، جہاں شہریوں، تاجروں اور مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی ارباب وزیر احمد میمن، عبداللطیف میمن، زاہد کھڈو، قومی عوامی تحریک کے مرکزی پریس ترجمان کامریڈ اشرف پلیجو، عوامی تحریک کے رہنما عزیز میمن سمیت متعدد شہری اور تاجر شریک ہوئے ، مظاہرین نے لڑکی کے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اور علاقے میں امن وامان کی ناقص صورتحال کے پیش نظر اے پی سی بلالی، دھرنے کے باعث سڑک پر آمدورفت اور ٹریفک بھی 5 گھنٹے تک کیلئے معطل رہی، اس موقع پر رہنماؤں اور شہریوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سجاول بدامنی کی لپیٹ میں آچکا ہے اور شہری مکمل طور پر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ دڑو اور بَیلو روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر جرائم پیشہ عناصر کا راج ہے ، احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ مسلح افراد نے فائرنگ کرکے معصوم لڑکی کو قتل کیا ہے ، جو انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے ، بصورت دیگر احتجاج جاری رکھا جائیگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments