ملازمہ نے ساتھی کے ساتھ ملکر گھر کا صفایا کر دیا
گھر سے 7 تولہ سونا اور نقدی چوری کرکے فرار ، واردات کا مقدمہ درج
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گلستان جوہر بلاک 14 میں گھر میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ نے ساتھی کے ساتھ مل کر گھر کا صفایا کر دیا، ملازمہ گھر سے 7 تولہ سونا اور نقدی چوری کرکے فرار ہوگئی، چوری کی واردات کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گھر میں چوری کی واردات اکبوتر میں ہوئی، واقعے کا مقدمہ 9 اکتوبر کو گلستان جوہر تھانے میں گھر کے مالک عاطف محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ میں گھریلو ملازمہ بشریٰ اور اس کی نامعلوم ساتھی کو نامزد کیا گیا ہے ۔مدعی مقدمہ کے مطابق 5 اکتوبر کو گھریلو ملازمہ بشریٰ معمول کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب گھر پر کام کرنے آئی۔ سوا ایک بجے کے قریب گھریلو ملازمہ کی ایک ساتھی اس سے ملنے گھر آئی، جس کے بعد دونوں ایک بج کر 25 منٹ پر وہاں سے چلی گئیں۔مدعی نے بتایا کہ بشریٰ نے کچھ دیر پہلے اسے چائے دی تھی، جسے پینے کے بعد اسے نیند آگئی۔ اس دوران گھریلو ملازمہ نے مبینہ طور پر چائے میں کوئی نشہ آور چیز ملا دی تھی۔ شام 8 بجے آنکھ کھلی تو گھر کا سامان چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ 7 تولے سونا اور نقدی چوری ہو چکی ہے ۔ چوری کیے گئے سونے کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے ہے۔ مدعی کے مطابق وہ اپنی مدد آپ کے تحت ملزمان کو تلاش کرتا رہا۔ گلستان جوہر پولیس نے مقدمہ درج کر کے گھریلو ملازمہ اور اس کی ساتھی کی تلاش شروع کر دی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments