ڈسکہ :تما م کوڑا پوائنٹس 3روز میں کلیئر کرنیکا حکم
کنٹریکٹر جانے کے بعد صفائی کی خراب صورتحال پر قابو پانا ناگزیر :وزیر بلدیات
ڈسکہ(نمائندہ دنیا )وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈسکہ میں جاری سیلف صفائی آپریشن، صفائی کے انتظامات اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی یاسر گیلانی، اے پی ڈی سیالکوٹ رانا ابرار، ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب اتھارٹی سیالکوٹ مجاہد، ایم او آئی عزیر ارشد اور سب انجینئر کبیر نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنانے کیلئے ضروری سینٹری ورکرز، اضافی عملے اور متعلقہ مشینری کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔وزیر بلدیات نے ڈسکہ میں صفائی آپریشن دو شفٹوں میں مسلسل جاری رکھنے اور تین روز کے اندر شہر کے تمام ویسٹ پوائنٹس مکمل طور پر کلیئر کرنے کے احکامات دئیے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کنٹریکٹر کے جانے کے بعد صفائی کی صورتحال میں پیدا ہونے والی خرابی پر فوری قابو پانا ناگزیر ہے ۔ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments