غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ، مالک سمیت 11گرفتار
امریکی شہریوں کی بینکنگ معلومات چوری کرکے سائبر فراڈ کا الزام سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے
کراچی (این این آئی)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) کراچی نے شارع فیصل پر قائم غیر قانونی بین الاقوامی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر اس کے مالک یاسر گلگتی سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان پر امریکی شہریوں سے سائبر فراڈ اور ان کی بینکنگ معلومات چوری کرنے میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔این سی سی آئی اے کے مطابق ظفر سینٹر کی پہلی منزل پر قائم کال سینٹر میں کارروائی کے دوران امریکی شہریوں کی مالیاتی معلومات چوری کرنے کے مبینہ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان امریکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے بن کر شہریوں کو فون کرتے اور جعلی کالز کے ذریعے ان کے سماجی تحفظ کے نمبرز، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کی معلومات حاصل کرتے تھے ۔تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر حاصل کردہ بینکنگ معلومات کو غیر قانونی مالیاتی لین دین کے لیے استعمال کرتے تھے ۔ گرفتار افراد میں کال سینٹر کا مالک، ایجنٹس، سپر ایجنٹس اور فلور منیجر شامل ہیں۔کارروائی کے دوران ڈیجیٹل آلات اور دیگر الیکٹرانک سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ این سی سی آئی اے کے مطابق مقدمے میں نامزد دو ملزمان تاحال مفرور ہیں، جبکہ سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں مجموعی طور پر 13 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments