کھپرو:ڈکیتی مزاحمت پر استاد قتل، ورثا کا دھرنا،شٹر ڈاؤن ہڑتال
مسلح افراد نے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت پر بابر ہنگورجو کو گولی ماردی ستار ہنگورجو زخمی، ایس ایس پی سانگھڑ واقعہ کا نوٹس لے کرملزمان گرفتار کریں، مظاہرین
کھپرو (نامہ نگار) کھپرو میں بھٹ بھائٹی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے موٹر سائیکل سواروں کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر نجی اسکول کے استاد بابر علی ہنگورجو کو گولی مار قتل، جبکہ عبدالستار ہنگورجو کو کلہاڑی کے وار کرکے زخمی کر دیا۔ اطلاع پر کہائی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور دونوں کو تعلقہ اسپتال کھپرو منتقل کردیا، ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ واقعہ کے خلاف مقتول کے ورثا اور علاقہ مکینوں نے عمرکوٹ روڈ بند کرکے جمال آباد موڑ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔
مظاہرین کے مطابق دو ماہ کے دوران بھٹ بھائٹی یونین کونسل میں یہ تیسرا قتل ہے ، لیکن اس کے باوجود امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے ۔دوسری جانب ہنگورجو برادری اور شہریوں نے کھپرو واہ موڑ پر دھرنا دے کر کھپرو، میرپورخاص روڈ بند کر دیا، جبکہ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کرائی گئی۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین نے ایس ایس پی سانگھڑ سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کا نوٹس لے کر بابر علی ہنگورجو کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments