پنگریو:فرید ایکسپریس کی حیدرآباد بکنگ والی بوگی غائب ہونامعمول

پنگریو:فرید ایکسپریس کی حیدرآباد بکنگ والی بوگی غائب ہونامعمول

بکنگ کرانے اور ٹکٹ حاصل کرنے کے باوجود مطلوبہ بوگی نہ ملنے سے مسافر پریشان ریلوے حکام بوگیوں کی دستیابی، ٹکٹوں کی بکنگ کے معاملات کا فوری نوٹس لیں، مسافر

پنگریو (نمائندہ دنیا) کراچی سے لاہور براستہ پاکپتن چلنے والی فرید ایکسپریس میں حیدرآباد سے متعلقہ بوگی کی عدم دستیابی معمول بن گئی، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے ۔ مسافروں کے مطابق بکنگ کرانے اور ٹکٹ حاصل کرنے کے باوجود مطلوبہ بوگی نہ ملنے کے باعث سفر کے دوران اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، 17 اکتوبر کو بھی حیدرآباد بکنگ کی بوگی دستیاب نہ ہونے کی شکایت سامنے آئی، جس کے باعث مسافروں کو دھکے کھانے پڑے ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے کے سفر کا مقصد لوگوں کو محفوظ، آرام دہ اور بروقت سفری سہولت فراہم کرنا ہے ، لیکن اگر ٹکٹ خریدنے کے باوجود مسافروں کو اپنی مقررہ بوگی ہی دستیاب نہ ہو تو یہ صورت حال انتظامی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات پیدا کرتی ہے ۔

مسافروں کے مطابق فرید ایکسپریس کی کراچی سے لاہور جانے والی اپ سروس کا کئی کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچنا بھی معمول بنتا جا رہا ہے ۔ ضلع بدین، پنگریو اور حیدرآباد ڈویژن کے دیگر علاقوں سے سفر کرنے والے مسافروں نے متعلقہ ریلوے حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ ٹکٹوں کی بکنگ کے وقت فراہم کی جانے والی سہولت اور عملی طور پر ٹرین میں دستیاب بوگیوں کے درمیان فرق کی شکایات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے وزیر ریلوے اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فرید ایکسپریس کی بوگیوں کی دستیابی، ٹکٹوں کی بکنگ، مسافروں کی گنجائش اور ٹرین کی بروقت آمد و روانگی کے معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...