اسکیموں کے اعلانات سے مہنگائی ختم نہیں ہوگی، کاشف شیخ

اسکیموں کے اعلانات سے مہنگائی ختم نہیں ہوگی، کاشف شیخ

پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے حکومت اخراجات میں کفایت شعاری کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے

کراچی(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ محض ریلیف اسکیموں کے اعلانات سے مہنگائی ختم نہیں ہوگی، حکومت اخراجات میں کفایت شعاری اختیار کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے ۔ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور لیوی میں کمی کرکے آٹا، چینی، گھی اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے ، جبکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سستا آٹا، سستی روٹی، رمضان راشن، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور حالیہ پٹرول ریلیف اسکیموں سمیت مختلف منصوبوں پر قومی خزانے سے خطیر رقوم خرچ کی جارہی ہیں، جبکہ ذاتی تشہیر کے لیے کروڑوں روپے کے اشتہارات بھی جاری کیے جاتے ہیں۔

ان اسکیموں کے بجائے پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں کمی کرکے عوام کو براہِ راست ریلیف دیا جائے ۔کاشف سعید شیخ نے کہا کہ حکومت عوام سے اربوں روپے ٹیکس وصول کرتی ہے ، لیکن اس کے بدلے معمولی ریلیف دے کر انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ بظاہر آٹا اور چینی چوروں کا راج ہے یا حکومتی سطح پر ان کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں سنجیدگی کا فقدان ہے ۔ ان عناصر نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ، جبکہ ایک مخصوص طبقہ عوام کا استحصال کررہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شوگر مافیا پہلے چینی برآمد کرکے ملک میں مصنوعی قلت پیدا کرتا ہے اور پھر اسی چینی کی درآمد کے اقدامات کیے جاتے ہیں، جس کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...